27.7 C
Islamabad
جمعرات, مئی 15, 2025
ہومقومی خبریںدفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی پی ٹی وی سے...

دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی پی ٹی وی سے گفتگو

- Advertisement -

بھارت ایک دہشت گرد ملک،پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے‘ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور احسان اللہ احسان کے اعترافی بیانات اس کا واضح ثبوت ہیں،دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی پی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے‘ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور احسان اللہ احسان کے اعترافی بیانات اس کا واضح ثبوت ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم کے لیے پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے اور دوسرے ممالک میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے لیکن الزام مسلمانوں پر لگاتا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران وہاں سینکڑوں نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ 20ہزار سے زائد بچوں، بوڑھوں، خواتین اور نوجوانوں کو زخمی بھی کر چکا ہے جو سراسر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتا ہے۔ بھارتی افواج پیلٹ گنوں کے بے جا استعمال سے نہتے کشمیری نوجوانوں کو اندھا کر رہی ہیں اور ان سے زندگی کی روشنی چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے اچھی طرح واقف ہے جس کا اسے نوٹس بھی لینا چاہئے اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ محمد نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارتی انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس پر کیے جانے والے حملے کے حقائق بھی اب دنیا کے سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز میں شائع کردہ رپورٹ پاکستانی موقف کی توثیق کر رہی ہے۔

- Advertisement -

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71090

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں