اسلام آباد ۔ 8 دسمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ مذاکرات برائے مذاکرات کے قائل نہیں، پاکستان بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز اور پائیدار مذاکرات چاہتا ہے،حالیہ ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس میں بھارت نے ثابت کیا کہ وہ کانفرنس کے مقاصد سے مخلص نہیں، بھارتی اقدامات خطے میں امن و استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلیوٹ اور بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ ترجمان نے کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نو منتخب امریکی نائب صدر مائیک پینس،ایران،چین اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت عالمی برادری کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان بھارت کیساتھ کشمیر سمیت تمام معاملات پر نتیجہ خیز اور پائیدار مذاکرات چاہتا ہے۔ بھارت نے کبھی بھی مذاکرات کی پاکستانی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے روکنے اور کشمیر کا تنازعہ حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت کو ایف 16 طیاروں کی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ کیخلاف اور خطے کے وسائل خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لانے کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امرتسر میں حالیہ ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس میں بھارت نے ثابت کیا کہ وہ کانفرنس کے مقاصد سے مخلص نہیں۔ بھارتی رویہ خطے میں قیام امن میں مدد گار نہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32710