اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ سے کھوئی رٹہ میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں چار بچوں کی شہادت کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ بھارتی افواج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں سے متعلق تمام دستاویزی ثبوت مبصر گروپ کے نمائندے کو جنرل ہیڈکوارٹرز میں کے حوالے کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں پی ٹی وی پروگرام میں ترجمان نے گفتگو ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی افواج کی طرف سے جارحیت اور سرحدوں پر فوجی تعیناتی کے مسئلہ کو عالمی سطح پر اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال بھارتی مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ اور علاقائی امن سے براہ راست منسلک ہے۔