اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں ہر صورت قیام امن کے حق میں ہے، عالمی پابندیوں کے باوجود ہم نے کبھی افغانستان کا ساتھ نہیں چھوڑا، تمام تر تناﺅ کے باوجود افغانستان کے امن عمل میں شریک ہونے کے لیے بھارت بھی گئے لیکن ہماری سنجیدہ و مخلصانہ کوششوں کا مثبت جواب نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک پختہ عزم ہے کہ افغان امن عمل کے لیے جہاں بھی کوئی کانفرنس ہو گی اس میں ضرور شرکت کریں گے کیونکہ ہم افغانستان سمیت پورے خطے کا امن چاہتے ہیں اورسمجھتے ہیں کہ ایک پرامن اور خوشحال افغانستان ہمارے بھی مفاد میں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کے لوگ جو گذشتہ 35 سال سے زائد عرصے سے جس طرح زندگی گزار رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے اور ہم انہی افغانیوں کے بہتر معیار زندگی اور انہیں پر امن ماحول دینے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ وہ بھی سکون سے زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے بڑے ہی منفرد تعلقات ہیں اور مشکل ترین حالات میں بھی پاکستان نے اپنے افغانی بہن بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑا اور لاکھوں افغان مہاجرین کی گذشتہ کئی برسوں سے مہمان نوازی بھی کر رہا ہے جو سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے لیے بلاتفریق مخلصانہ و سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے جبکہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور یہ بات متعدد رپورٹس میں بھی بتائی جا چکی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48253