دفتر خارجہ کے ترجمان کا ترک صوبے ازمیر میں زلزلہ سے ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس

85

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان نے ترک صوبے ازمیر میں زلزلہ سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ترک صوبے ازمیر میں زلزلہ کا سن کر بہت دکھ ہوا، مبینہ طور پر متعدد افراد منہدم ہونے والی عمارتوں میں پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے متاثرین کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ان کی بحالی کیلئے دعا کی۔ ٹی آر ٹی ورلڈ کی جانب سے ترک حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ازمیر میں تقریباً 20 عمارتیں منہدم ہوئیں جبکہ پانچ مقامات پر لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔