لاہور۔22جنوری (اے پی پی):دفتر محتسب پنجاب کے احکامات پر عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا20 کنال6 مرلے سرکاری رقبہ قبضہ مافیا سے واگزار کروا لیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ41 درخواست گزاران کو زیر التوا واجبات کی مد میں52 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق دفتر محتسب پنجاب کو صوبہ بھر سے مختلف شہریوں نے درخواستیں ارسال کیں جن میں سرکاری اراضی اور گزرگاہوں پر ناجائز قبضے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
درخواست گزاران نے قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کی استدعا کی۔دفتر محتسب پنجاب نے اس حوالے سے متعلقہ صوبائی حکام کو ہدایات جاری کیں کہ قانونی کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ زمین واگزار کروائی جائے۔دفتر محتسب کے احکامات کی روشنی میں کارروائی عمل میں لاتے ہوئے20 کنال 6 مرلے سرکاری زمین واگزار کروا لی گئی ہے،جس کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 4 کروڑ 3 لاکھ 70 ہزار روپے ہے۔اس کے ساتھ ساتھ دفتر محتسب پنجاب کی کوششوں کے نتیجے میں 41 درخواست گزاران کو ان کے زیر التوا واجبات کی مد میں 52 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی کی گئی ہے۔
4 درخواست گزاران کو ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کی مد میں9 لاکھ 30 ہزار روپے دیئے گئے ہیں۔اسی طرح 33 درخواست گزاران کو تعلیمی وظائف کی مد میں 19 لاکھ 80 ہزار روپے جبکہ4 دیگر درخواست گزاران کو ماہانہ مالی امداد کی مد میں22 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ درخواست گزاران نے فوری دادرسی پر دفتر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔