جنیوا۔1اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس(آئی سی آر سی)نے دنیا بھر میں جاری تنازعات کے دوران جنیوا کنونشنز کی کھلی خلاف ورزیوں سے متعلق خبردار کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق آئی سی آر سی کی سربراہ مرجانہ سپولجیرک نےایک انٹرویو میں کہا کہ تمام ممالک کو فوری طور پر دوبارہ سے بین الاقوامی قانون انسانیت کی پاسداری شروع کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عسکری آپریشنز کی قیادت کرنے والے ممالک بین الاقوامی قانون انسانیت کو باقاعدہ طور پر پاؤں تلے روند رہے ہیں،غزہ ،سوڈان اور یوکرین میں زخمیوں اور مرنے والوں کی تعداد تصور سے زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریڈ کراس کی ان آبادیوں تک رسائی میں بڑے پیمانے پر رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں جنہیں اس وقت مدد کی شدید ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی آر سی جنیوا معاہدوں پر عمل درآمد پر نگاہ رکھنے والی کمیٹی ہے جو تنازعات کے دوران ایک غیرجانبدارانہ ثالث کا کردار ادا کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=507085