اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے کہا ہے کہ خوراک اور تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے دنیا بھر میں گھریلو اخراجات متاثر ہو رہے ہیں ۔ آئی ایم ایف نے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث توانائی کے روایتی ذرائع کے مقابلہ میں گرین انرجی کی اہمیت مزید بڑھی ہے جبکہ خوراک کی قیمتیں بڑھنے سے غذائی تحفظ کے بارے میں بھی خدشات جنم لے رہے ہیں ۔
عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجہ میں دنیا بھر میں زاعت کا شعبہ متاثر ہو رہا ہے ۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اس طرح کی صورتحال میں گرین انرجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ درجہ حرارت میں ہونے والے اضافہ کی شرح کو کم کرکے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے جس سے لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔
آئی ایم ایف نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے اقدامات اور اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے متوسط اور کم آمدنی والے ممالک کی معاونت کرے تاکہ کاربن کے اخراج پر کنٹرول کے ذریعے درجہ حرارت میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے زیادہ متاثرہ طبقات کو غذائی تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔