دنیا بھر میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے دھاتوں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ، عالمی مالیاتی فنڈ

63
IMF
IMF

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):دنیا بھر میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے نتیجہ میں بعض اہم صنعتی دھاتوں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کے بحران سے قبل کے مقابلہ میں مئی 2021 کے دوران مختلف صنعتوں میں بطور خام مال استعمال ہونے والی اہم دھاتوں کی قیمت میں مجموعی طورپر 72 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ نو سال کے دوران ہونے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال مئی 2021 کے دوران کاپر (تانبا ) کی قیمت میں 89 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اس دوران آئرن کی قیمت 116 فیصد اور نکل کی قیمت کی قیمت میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 72 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عالمی ادارے نے کہا ہے کہ زرعی اور توانائی کی زیادہ تر مصنوعات میں بھی اضافہ کا رجحان ہے تاہم اضافہ کی شرح دھاتوں کے مقابلہ میں سست ہے۔ وبا سے قبل کی مجموعی قیمتوں کے مقابلہ میں تیل ، کوئلہ اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں چند فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی وبا کے بعد معاشی و صنعتی سرگرمیوں کی بحالی کے باعث خام مال کی قیمتیں بڑھی کیونکہ طلب میں اضافہ کی وجہ سے خام مال کی سپلائی لائن پر دبائو ہے۔