اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری (پیر) کو بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کے باشندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر روایتی عزم کے ساتھ منائیں گے۔ اس موقع پر شہر شہر، قریہ قریہ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کی جانب سرکاری سطح پر 5 فروری ہر سال یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔
صدر، نگران وزیراعظم، نگران وزیر خارجہ، صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے خصوصی پیغامات جاری کئے جائیں گے۔ شاہراہ دستور پر یکجہتی ریلی کی قیادت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کریں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی اس میں شامل ہوں گے۔ اس دن صبح کے وقت ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور ٹریفک روک دی جائے گی۔اہم شاہراہوں، عمارتوں پر بینر اور پینافلیکس آمیزاں کئے جائیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن برائے بھارت پاکستان کو مفاہمت کی یادداشت پیش کی جائے گی، فارن مشنز اور سفارتکاروں کو بریفنگ دی جائے گی، چاروں صوبائی، وفاقی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دارالحکومتوں سمیت ملک بھر میں یکجہتی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ ت
علیمی اداروں میں مضمون اور پینٹنگ کے مقابلے منعقد کرائیں جائیں گے، الیٹرانک میڈیا میراتھن براڈ کاسٹنگ سیشنز منعقد کئے جائیں گے، موبائل فونز کے ذریعے خصوصی ٹیکسٹ میسج جاری کئے جائیں، ریلوے سٹیشنز، ایئرپورٹس اور مین شاہراہوں اور موٹرویز کے ٹول پلازوں پر اظہار یکجہتی کے بینر اور سٹینڈیز آویزاں کئے جائیں گے۔ملک بھر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز پر خصوصی ایڈیشن اور پروگرامات شائع اور نشر کئے جائیں گے۔
خصوصی دستاویزی پروگرام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر خصوصی روشنی ڈالی جائے گی۔ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر خصوصی ہیش ٹیگ اور ویلاگ دیئے جائیںگے۔ پاکستان کی سفارتی کاوشوں پر سیمینار، ویبنار اور ٹویٹر سپیس کا اہتمام کیا جائے گا۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز بالخصوص امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور مشرق وسطیٰ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے جس میں سمندر پار پاکستانیز شریک ہوں گے۔ سینٹورس اور صفا گولڈ مال سمیت اہم شہروں کے مالز پر خصوصی ڈاکمنٹری اور سانگز کیلئے سکرینوں کا اہتمام کیا جائے گا۔