اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):دنیا بھر کے مختلف دارالحکومتوں میں واقع پاکستانی سفارتخانوں میں عید میلاد النبی (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ) انتہائی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منایا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو تنزانیہ ، کینیڈا ، ہانگ کانگ ، ویت نام ، ڈنمارک ، کرغزستان ، جاپان ، مصر ، بھارت ، چین ، فرانس اور اٹلی میں پاکستانی سفارت خانوں میں میلاد النبی ﷺکے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔
میلاد مصطفیﷺ کی ان محافل میں سفراء اور دیگر مقررین کی جانب سے پیغمبر اسلام محمدﷺکی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی اور بارگاہ رسالت ؐ میں نعتوں کا ہدیہ بھی پیش کیا گیا۔
محفل میلاد مصطفی ؐکی ان تقاریب میں پاکستان اور امت مسلمہ کے دیگر ممالک سمیت دنیا بھر کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔ 12 ربیع الاول کا دن حضور نبی کریمﷺ کے یوم ولادت کے طور پر منایا جاتا ہے جو رحمتُ للعالمین ہیں اور آپﷺ کی زندگی اور تعلیمات پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے ۔