اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں،بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کو بزور طاقت سلب کیا ہے۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں آج یوم سیاہ ہے اور مکمل ہڑتال ہے۔عبدالحمید لون نے کہا کہ کشمیری ایک مزاحمتی قوم کا نام ہے،دوسروں کی آزادی کو سلب کرکے بھارت کو یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کا دن تاریخ کشمیر کا سیاہ باب ہے،کشمیریوں کے ساتھ دہلی کے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے،پانچ اگست کو بھارت نے جموں کشمیر کے عوام کی شناخت کو ختم کرنے کی سازش کی۔حریت رہنما نے کہا کہ 5 اگست کے دن کے بعد کشمیری عوام کے لیے زندگی ایک قید خانے میں تبدیل ہو گئی،مقبوضہ کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہیں،مظالم کا مقصد کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کی جدوجہد سے روکنا ہے۔عبدالحمید لون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر برصغیر جنوب ایشیا میں ہرگز دیر پاامن قائم نہیں ہوسکتا۔