واشنگٹن ۔ 03جون (اے پی پی) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 10لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اس مہلک وائرس کے باعث پانچ لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔جمعہ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 28 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں اب تک ایک لاکھ 31 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد4315961 ہے۔ مختلف ممالک میں اب تک کورونا وائرس سے 524198 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ حکام کے مطابق امریکہ میںکورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ فعال مریضوں کی تعداد 1514613ہے۔ امریکی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس سے2837189 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں131485افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برازیل میںکورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15لاکھ ہے جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے62 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں کورونا کے 48105 نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1501353ہوگئی ہے۔ برازیل امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا ملک ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تیزی سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 379 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے جس سے بھارت میں وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد18ہزار 225 ہوگئی ہے۔ مختلف ریاستوں میں کورونا کے ریکارڈ 20903 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس سے بھارت میں متاثرین کی تعداد چھ لاکھ 27 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ بھارت میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 229041 ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے پہلے ہی خبردار کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا بدترین مرحلہ ابھی آنا باقی ہو۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اگر حکومتوں نے درست پالیسیاں نہیں اپنائیں تو کئی گنا اور لوگ اس مرض کا شکار ہوجائیں گے۔ دریں اثناء جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں مسلسل دوسرے روز سو سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق جمعہ کو ٹوکیو میں124 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جو مئی میں ہنگامی حالت کا نفاذ اٹھائے جانے کے بعد ایک دن مٰں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ یاد رہے کہ مغربی یورپ اور بعض ایشیائی ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے لیکن امریکہ اور جنوبی امریکہ کے ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر کئی ملکوں میں یہ وائرس اب بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔