واشنگٹن/لندن۔ 10 جولائی (اے پی پی) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ23 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک پانچ لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعہ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد12394709 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ فعال مریضوں کی تعداد461207 ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک557510 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکہ دنیا بھر میں اب بھی پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد32 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے ایک لاکھ 35 ہزار 822 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس کے متاثرہ فعال مریضوں کی تعداد1657749 ہے۔ حکام کے مطابق ملک بھر کی مختلف ریاستوں میںکورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے، گزشتہ روز امریکہ میںکورونا کے 65 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔امریکہ کی کئی ریاستوں نے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلوں پر عملدرآمد ملتوی کردیا ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 2لاکھ 87ہزار سے بڑھ گئی، ملک میں مہلک وائرس سے مزید 85 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 44602 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں مجموعی طور پر 287621 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر برازیل میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 59 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں اب تک 70 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 504253 ہے جبکہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں اس سے 1759103افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 42619 کیسز سامنے آئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 17لاکھ 59 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کے مطابق اس دوران ہلاک شدگان کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 1220 ہلاکیں ہوئی ہیں۔ دریں اثناء میکسیکو میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد2 لاکھ 82ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے 33 ہزارسے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ میکسیکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 730 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 33526 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 7280 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 282283 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 76527 ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایک دن میں کورونا کے 26 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26506 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس سے کورونا متاثرین کی تعدادآٹھ لاکھ ہوگئی ہے۔ بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 475 ہلاکتوں سے ہلاک شدگان کی تعداد 21632 ہوگئی ہے۔