واشنگٹن، ریوڈی جنیرو، نئی دہلی ۔ 20 اگست (اے پی پی) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ25 لاکھ 82 ہزار تک پہنچ گئی ہے، اس مہلک وائرس کے باعث اب تک سات لاکھ91ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعرات کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد22582783 جبکہ فعال متاثرین کی تعداد6486719 ہے۔ مختلف ممالک میں اب تک کورونا وائرس سے 791034 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد57 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث اب تک ایک لاکھ 76 ہزار 337افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد5700931 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد2462263 ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں امریکہ کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ کورونا وائرس سے امریکہ میں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست کیرولینا کیلیفورنیا ہے جہاں اب تک 640722 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ فلوریڈا میں یہ تعداد 569331 ہے۔ حکام کے مطابق نیویارک میں متاثرہ افراد کی تعداد 426571 تک پہنچ گئی ہے۔ لاطینی امریکی ملک برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد34 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک ایک لاکھ11ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ49 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ برازیل میں اس وقت کورونا وائرس کے733970 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار دو سو افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 111189ہے۔ برازیل کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کے49298 نئے مریض سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3460413 ہوگئی ہے۔ ادھر بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد28 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک 54 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 70 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید980 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد6 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد6 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، گزشتہ روز ریاست میں کورونا وائرس سے مزید 13ہزار افراد متاثر ہوئے۔ بھارت میں ریاست مہاراشٹر کے علاوہ جو دیگر ریاستیں کورونا سے شدید متاثر ہوئی ہیں ان میں تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔