دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 97 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہوگئی

98

واشنگٹن/ماسکو۔ 26 جون (اے پی پی)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 97 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، مختلف ممالک میں اس مہلک وائرس سے اب تک 4 لاکھ91 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ جمعہ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2504588 تک پہنچ گئی ہے، ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 1325515ہے جبکہ اس وائرس سے اب تک126780ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ 25 لاکھ 4 ہزار متاثرین کے ساتھ سرفہرست ہے، امریکہ کے بعد برازیل متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے جبکہ روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں بالترتیب 12 لاکھ 33 ہزار اور چھ لاکھ 14ہزار متاثرین موجود ہیں۔ امریکہ کے بعد برازیل متاثرین اور ہلاکتوںکی تعداد کے اعتبار سے دوسرے بڑا ملک ہے۔اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک کورونا وائرس سے 9,714,861 افراد متاثر اور 491,856ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ فعال مریضوں کی تعداد 3,972,918 ہے۔ لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 55ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ برازیل میں مہلک وائرس کے40 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر12 لاکھ 33 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق برازیل میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 504364 ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ24گھنٹوںکے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 1141 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ملک میں اب تک کورونا سے مرنے افراد کی تعداد 55054 ہوچکی ہے۔ برازیل میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 1233147تک پہنچ گئی ہے۔ میکسیکو میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ میکسیکو میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے مزید 736 افراد لقمہ اجل بن گئے جس سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 25060 ہوگئی ہے۔ادھر روس میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8605ہوگئی ہے۔ بھارت میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4 لاکھ91ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک میں 15308ہلاکتیںہوچکی ہیں۔