دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے29 لاکھ50 ہزار سے زائد اموات، متاثرین کی تعداد 13 کروڑ 66 لاکھ سے تجاوز کرگئی

70

نیویارک، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو ۔12اپریل (اے پی پی):دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد 29لاکھ50ہزار تک پہنچ گئی جبکہ مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد13کروڑ66لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

پیر کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد136696092ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک2950823 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا کے فعال متاثرین کی تعداد23799616 ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور میکسیکو ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ19 لاکھ18 ہزارسے زائد ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد31918591 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد6862240 ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 575829 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ24480522 سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

برازیل میں مہلک وائرس سے ہلاکتوںکی تعداد3 لاکھ53 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں مریضوں کی تعدادایک کروڑ34لاکھ 82 ہزار تک پہنچ گئی۔ برازیل میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد13482543ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد353293 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1248447فعال مریض ہیں۔

میکسیکو میں مہلک کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید126افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی اموات کی تعداد2 لاکھ 9 ہزارسے زائد ہوگئی ہے۔ میکسیکو کی وزارت صحت کے مطابق اس دوران مہلک وائرس کے1793 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر2280213 ہوگئی ہے۔ میکسیکو میں کورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد260954 ہے۔

وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد209338 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ68 ہزار سے زائد نئے کیسزاور 908 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ35لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ملک میں مہلک کورونا وائرس کے کیسزمیں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اور مہلک وائرس ایک بار پھر انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ70 ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران908 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہوگئے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد13525379ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد1201457 ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اب تک170209افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ملک میں ریکوری کی شرح جزوی طور پر کم ہوکر 89.86 فیصد اور فعال کیسوں کی شرح بڑھ کر 8.88 فیصد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی شرح 1.26 فیصد ہے۔ ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس کے فعال کیسز کے لحاظ سے سرفہرست ہے۔