اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے عالمی قوتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غزہ ماڈل کے نفاذ کے بھارتی اقدام کو ناکام بنائے، بھارتی قابض افواج نے خوبصورت وادی میں دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر اہتمام ”انڈین کشمیر پالیسی کا تجزیہ اور پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ“ کے موضوع پر ایک سیمینار سے بطور گیسٹ آف آنر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈمرل (ر) محمد ذکاء اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر شرکاء میں سبین حسین ملک (فوکل پرسن ٹو ایس اے پی ایم)، ڈاکٹر آڈم سعود (ڈین ایچ اینڈ ایس ایس بحریہ یونیورسٹی)، سید محمد علی (سکیورٹی اینالسٹ) اور ایمبیسیڈر (ریٹائرڈ) ندیم ریاض (صدر آئی آر ایس) شامل تھے۔
مشعال ملک نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی حکومت نے خوبصورت وادی کو دنیا کے سب سے بڑے ٹارچر سیل اور گریژن سٹی میں تبدیل کر دیا ہے، بھارتی جابرانہ اقدامات میں 5 اگست 2019 کو آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی کے بعد تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفاک قابض افواج نے مقبوضہ وادی میں کشمیری آوازوں کو دبانے کے لیے دہشت گردی اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے، بالادست بھارتی حکومت نے خطے کی جغرافیائی، سیاسی اور سماجی ساخت کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کا مسئلہ دنیا کے پرانے اور پیچیدہ مسئلوں میں سے ہے جو کہ جنوبی ایشیا میں تنازعات، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی امن کے لیے مستقل خطرہ ہے۔
مشعال ملک نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہندوستانی سفاک قوتیں مسلم اکثریتی خطہ کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے نسل کشی کے اسرائیلی ماڈل کی نقل کر رہی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں اس بات پر روشنی ڈالی کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فاشسٹ حکومت نے انڈیا کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت کا راج قائم کیا ہوا ہے،کشمیر کی اعلیٰ قیادت بشمول ان کے شوہر یاسین ملک کو جھوٹے، من گھڑت اور سیاسی طور پر محرک مقدمات میں غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل کرنے اور تشدد کرنے کا لائسنس دیا گیا ہے، مقبوضہ وادی میں خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے تاکہ آزادی پسندوں کو منصفانہ جدوجہد سے روکا جا سکے۔ مشعال ملک نے عالمی طاقتوں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ادارے پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور دہائیوں پرانے تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے متفقہ فارمولے کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415912