29.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںدنیا میں امن کی سفارتکاری کی کوشش شروع کی ہے، رابطہ عالم...

دنیا میں امن کی سفارتکاری کی کوشش شروع کی ہے، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کا سیمینار سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ہے کہ دنیا میں امن کی سفارتکاری کی کوشش شروع کی ہے، ایک ایسا دن مختص کیا جائے جس میں انسانیت پر بات ہو سکے، آج ہر شخص کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں اقلیتوں کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار میں ملک بھر سے علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان آمد پر دلی خوشی ہوئی، مولانا طاہر اشرفی کی معاشرہ میں امن کے لیے کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان قریبی تعلق وقت کی اشد ضرورت ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سیمینار میں ملکی و بین الاقوامی مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان نے ڈاکٹر عیسی کی بہترین خدمات پر انہیں ہلال امتیاز سے نوازا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق کا ایمان کا تعلق ہے، کوئی اس تعلق کو کمزور نہیں کر سکتا، تمام کے تمام مکاتب فکر کے علماء اس کی تائید کے لیے کھڑے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاک فوج آج بھی سعودی نوجوانوں کو ٹریننگ دے رہی ہے، پاکستانی قوم حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے جان و مال سمیت کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی درمیان مضبوط بردارنہ رشتہ ہے، ولی عہد محمد بن سلمان ہمیشہ پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمارا دورے کا مقصد ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ سعودی عرب مشکل حالات میں جس طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، اس پر پاکستانی قوم دل سے سعودی بھائیوں کی شکر گزار ہے۔

مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ ڈاکٹر عیسی کے مشکور ہے جنہوں نے سیلاب کے موقع پر پاکستان کا دورہ کیا، ڈاکٹر عیسی ہمیشہ مشکل وقت میں امت اور پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، انہوں نے اسلامی اور عالمی برداری میں ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ ڈاکٹر عیسی اس سال خطیب الحج تھے، انکی امت کے لیے خدمات پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈاکٹر صاحب کے خطبہ کا اردو ترجمہ کرنے کا موقع ملا، ڈاکٹر عبدالکریم نے بہت ہی احسن انداز میں امت کی نمائندگی کی۔ اقلیتی رہنماء پادری بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ مہمانوں کی شرکت باعث مسرت ہے، ڈاکٹر عیسی دنیا بھر کے تمام مذاہب کے لیے متاثر کن شخصیت ہیں، مولانا طاہر اشرفی بین المذاہب ہم آہنگی کے چیمپئن ہیں، انکی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ہم مولانا طاہر اشرفی کی خدمات کو سراہتے ہیں۔

مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ تمام مذاہب کے ذمہ داران کی سیمینار میں شرکت قابل تعریف ہے، ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں ڈاکٹر عیسی کی آمد پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے، سعودی عرب اور پاکستانی بھائی کبھی جدا نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ ہو یا سیلاب سعودی حکومت ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔ سیمینار کے اختتام پر چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور سعودی عرب کے سفیر کو سوینئرز بھی پیش کئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=331981

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں