دنیا میں تنازعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، سعودی عرب

105
دنیا میں تنازعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، سعودی عرب

ریاض۔21جنوری (اے پی پی):سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے کہا کہ دنیا میں تنازعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ،سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں غیروابستہ تحریک کے 19 ویں سربراہی اجلاس میں سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ دنیا میں تنازعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے ریاستوں کی خود مختاری اور استحکام متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ اس وقت تک ہمارے بیشتراجلاسوں میں سرفہرست رہے گا جب تک 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوجاتی۔ اس وقت غزہ پٹی میں آباد شہریوں کو جبری نقل مکانی سے روکنا اور وہاں فوری و مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کہا کہ مملکت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی اوراس حوالے سے مرتب ہونے والےاثرات اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ٹھوس اقدامات کیے ہیں جن میں گرین سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطی انیشیٹیو شامل ہے۔

اجلاس میں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ایمبسڈر ڈاکٹرعبدالعزیز واصل اور یوگینڈا میں سعودی عرب کے سفیر جمال المدنی اورنائب وزیرخارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر مطشرالعنزی بھی موجود تھے۔