دنیا میں تیل، گیس کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو پاکستان میں قیمتیں اوپر جائیں گی، چوہدری فواد حسین

64

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ‏تیل کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر ایسے پروپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم دنیا سے کسی علیحدہ سیارے پر ہیں، اگر دنیا میں تیل، گیس کی قیمتیں اوپر جائیں گی تو پاکستان میں قیمتیں اوپر جائیں گی۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائیں گی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ‏ایک قوم کی طرح مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی مشکلات عارضی ہیں، انڈسٹری، زراعت اور تعمیرات کے شعبے تاریخی منافع کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کی مشکلات ہیں، پرائیویٹ سیکٹر اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے، آمدنی اور روزگار میں اضافہ مہنگائی کا توڑ ہے۔