دنیا میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ فلسطین اور تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مشعا ل ملک

76
ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پاکستان نے خطہ میں توازن برقرار رکھا ہے،مشعال حسین ملک

راولپنڈی۔20اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں فلسطینی عوام کے حق میں یک جہتی ریلی و اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ گہری اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔اجلاس میں فلسطین میں اسرائیل کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

ایوان نے عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مسئلہ فلسطین کے حل، مستقل امن اور انسانی امداد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق محترمہ مشعال حسین ملک نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے مظالم، جبر اور محاصرے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں ایک سنگین انسانی المیہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ فلسطین اور تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ اس مشکل وقت میں فلسطین میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں تنہا نہیں ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم امن، انصاف اور بہتر مستقبل کی مضبوط حمایت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پرگروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، انجمن تاجران کے عہدے داران، سمال چیمبر کے صدر طارق جدون، ایگزیکٹو کمیٹی، طلبا اور سول سوسائٹی اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔