دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور پُرامن ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، پاکستان کی مثبت سفارتی حکمت عملی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی

5

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور پُرامن ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، پاکستان کی مثبت سفارتی حکمت عملی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے، افواجِ پاکستان نے دنیا پر واضح کر دیا کہ ریاستی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے برطانوی ہائی کمیشن کے سٹریٹجک انگیجمنٹ سربراہ کرومک ڈریلن سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں استحکام پر تبادلہ خیال کیا ۔

خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے، دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور پُرامن ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان کی مثبت سفارتی حکمت عملی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے دنیا پر واضح کر دیا کہ ریاستی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ریاستی خودمختاری کے تحفظ میں افواجِ پاکستان کا غیر متزلزل عزم دنیا کے سامنے آیا۔ خالد حسین مگسی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر مرکزِ توجہ بن گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر خطے میں استحکام کا خواہاں ہے۔