دنیا کو بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف ہونے والے جعلی مقابلوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا اعتراف کرنا چاہئے، جام کمال خان

142
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ دنیا کو بھارتی فوج کی طرف سے معصوم کشمیریوں کے خلاف ہونے والے جعلی مقابلوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا اعتراف کرنا چاہئے،آج 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو پانچ سال مکمل ہو گئے جب ہندوستان نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک شدید فوجی محاصرے کا نشانہ بنایا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے جاری پیغام میں کیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو درپیش سنگین حالات سے باخبر ہیں جو اپنے گھروں میں قید ہیں، ان کے مواصلاتی رابطے بند ہیں، میڈیا پر پابندی ہے اور ڈیجیٹل رنگ و نسل پرستی نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی اپنی غیر متزلزل حمایت میں ثابت قدم ہے، ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، سخت قوانین کو منسوخ کرے اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ انصاف کی بالادستی ہو اور کشمیری عوام کو وہ آزادی اور عزت دی جائے جس کے وہ حقدار ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے۔