17.8 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 20, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںدنیا کو قدرتی آفات کی تباہی سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی...

دنیا کو قدرتی آفات کی تباہی سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی آگاہی نظام ضروری ہے ، اقوام متحدہ

- Advertisement -

جنیوا۔19مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا کو قدرتی آفات کی تباہی سے محفوظ رکھنے کے لئے پیشگی آگاہی نظام بہت ضروری ہے،ان آفات کے باعث ہرسال لاکھوں افراد ہلاک،بے گھر یا دیگر مشکلات کا شکار ہوتے ہیں،گزشتہ سال بھی کئی لاکھ افراد قدرتی آفات کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔اے ایف پی کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے ادارہ برائے موسمیاتی تبدیلی ’’ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن ( ڈبلیو ایم او)‘‘ نے اپنی سٹیٹ آف دی گلوبل کلائمیٹ نامی سالانہ رپورٹ میں کہی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غریب ممالک طوفانوں ، خشک سالی، جنگلا ت میں آتشزدگی اور اسی طرح کی دیگر آفات سے شدید متاثر ہوتے ہیں۔ ڈبلیو ایم او نے کہا کہ موسمیاتی آفات سے بے گھر لوگوں کی ریکارڈ تعداد انٹرنیشنل ڈسپلیسمنٹ مانیٹرنگ سینٹر ( آئی ڈی ایم سی ) کے اعداد و شمار پر مبنی ہے جو 2008 سے اس موضوع پر ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق موزمبیق میں سمندری طوفان چیڈو سے تقریباً ایک لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، ہسپانوی شہر ویلنشیا میں سیلاب سے 224 افراد ہلاک ہوئے، کینیڈا اور امریکا کے جنگلات میں تباہ کن آ تشزدگی سے تین لاکھ سے زیادہ افراد محفوظ مقام کی تلاش میں اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

ڈبلیو ایم او کے چیف سیلسٹی ساؤلو نے کہا کہ ان کا ادارہ اور عالمی برادری قبل از وقت وارننگ کے نظام اور موسمیاتی خدمات کو مضبوط بنانے کے لئے کوششیں تیز کر رہے ہیں، ڈبلیو ایم او چاہتا ہے کہ 2027 کے آخر تک دنیا کے ہر فرد کو اس طرح کے نظاموں کے ذریعے تحفظ مل سکے۔

ساؤلو نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک میں سے صرف نصف کے پاس ہی مناسب قبل از وقت وارننگ سسٹم موجود ہے،ہم ترقی کر رہے ہیں لیکن مزید آگے جانے اور تیز تر کام کی ضرورت ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574058

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں