دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، آئی ایم ایف

164
IMF
IMF

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے کہاہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔یہ بات آئی ایم ایف کی جانب سے ”ریزیلئنس ان دی فیس آف چیلنجز“ کے نام سے جاری سالانہ رپورٹ میں کہی گئی ۔ رپورٹ میں عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور آئندہ کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی ۔ رپورٹ میں معیشت کی بحالی، مالی استحکام اور مختلف ممالک کے لیے پالیسی اقدامات پر زور دیا گیا ۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ کورونا وائرس کے بعد عالمی معیشت بتدریج بہترہورہی ہے لیکن اب بھی کئی ممالک قرضوں، مہنگائی اور جغرافیائی و سیاسی مسائل سے دوچار ہیں، 2024 کے بعد عالمی معیشت کو مختلف مشکلات کا سامنا رہے گا۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ 2029 تک عالمی اقتصادی ترقی کی شرح 3.1 فیصد تک گر سکتی ہے جو کہ حالیہ دہائیوں کی کم ترین سطح ہے، اس سست روی کی بنیادی وجوہات میں کمزور پیداواری صلاحیت، غیر مستحکم سیاسی حالات اور مالیاتی پالیسیوں کی سختی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ کورونا وائرس کے بعد عالمی قرضے اور مالی خسارے پہلے سے بڑھ چکے ہیں اور آئندہ چند سالوں میں یہ قرضے عالمی جی ڈی پی کے تناسب سے 100 فیصد تک کی سطح پرپہنچ سکتے ہیں ، اس صورتحال میں کم آمدنی والے ممالک مشکل کا شکار ہیں اور انہیں مزید مالی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

آئی ایم ایف نے عالمی مالیاتی استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2023 تک 40 سے زائد ممالک کو مالی مدد فراہم کی گئی تاکہ ان کی معیشتیں مستحکم رہ سکیں ۔رپورٹ میں گروپ 20ممالک کی جانب سے قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے اقدامات کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔ماحولیاتی تبدیلیوں کو عالمی معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے سسٹین ایبلیٹی ریزیلئنس فیسلیٹی پروگرام کے تحت مختلف ممالک کو 6.3 ارب ڈالر کی مالی مدد فراہم کی تاکہ یہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹ سکیں ،تاہم رپورٹ میں اس اہم مسئلے سے نمٹنے کےلئے بین الاقوامی تعاون پرزوردیاگیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں، مصنوعی ذہانت، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، صحیح پالیسی اقدامات سے عالمی اقتصادی نمو میں 2030 تک 1.2 فیصد اضافہ ممکن ہے ۔