لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):بادشاہی مسجد لاہور میں مجلس علما پا کستان کے زیر اہتمام سیرت رحمتہ للعالمینﷺ ۖ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور اور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی،اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام و مشائخ نے شرکت کی،جن میں مفتی مبشر احمد،علامہ زبیر احمد ظہیر،مولانا فتح محمد راشدی،علامہ محمد رشید ترابی،پیر ولی اللہ شاہ بخاری،مولانا ایوب ثاقب،حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد، حافظ خالد حسن،مفتی عاشق حسین،علامہ سجاد حسین جوادی،مولانا عبدالرحمن،سید عبدالبصیر آزاد،بلال احمد میر،خواجہ جاوید اسلم صحاف،چوہدری وقاص منشا ودیگر نے شرکت کی۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت رحمتہ للعالمینﷺ ہمارے لیے مشعل راہ ہے،امام الانبیا حضرت محمد مصطفٰیﷺ ساری کائنات انسانی اورسارے جہانوں کیلئے رحمت بنا کربھیجے گئے،دنیا کی تمام مشکلات اور مسائل کا حل سیرت نبویۖ کی پیروی میں ہے،پاکستان نبی کریمۖﷺ کے عاشقان اور فدایان کی سرزمین ہے،ہر مسلمان ناموس رسالت ۖکیلئے جان قربان کرنا دونوں جہانوں کی سعادت سمجھتا ہے،آپﷺ کے اسوہ حسنہ پر چل کر ہی ہم کا میاب ہوسکتے ہیں،آپﷺ نے انسان کی قدروں اور عظمت کے بارے میں بتایا اور اچھے اخلاق پر چلنے کی جو ہدایات دیں اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ اے نبیﷺ ہم نے آپ کے ذکر کو بلند و بالا اور اونچا کیا ہے اور اپنے نبیﷺ ۖ کے ذکر کو اتنا اونچا اور بلندی پر فائز کیا ہے کہ نہ کوئی وہاں تک پہنچ سکا ہے نہ کوئی قیامت کی صبح تک پہنچ سکے گا۔
مولانا آزاد نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو جو درپیش چیلنجز کا سامنا ہے اس کا حل اللہ تعالی کے احکامات اور نبی اکرمﷺ ۖ کی تعلیمات ہیں جس پر چل کر دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں،فلسطین اورغزہ کے مظلوم مسلمان اپنے حق اور مسجدالاقصی کی آزاد ی کیلئے نکلے ہیں ،امت اسلامیہ کا ہر فرد فسلطین کے مسلمان کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ہے،فلسطین میں اسرائیلی پرتشدد حملے قابل مذمت ہیں،عالمی دنیا کو چاہیے کہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے فلسطین پر حملے بند کروائے،او آئی سی اور یو این او سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دیتے ہوئے ان کی آزاد ی اور بیت المقدس کو آزاد کروانے میں اپنا کردار ادا کرے،آج ہم امہ کے ان ممالک جن میں پاکستان،سعودی عرب،قطر،ترکی اور دیگر ممالک جو فلسطین اور غزہ کے مسئلہ کو سلجھانے میں کردار ادا کر رہے ہیں ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
قبل ازیں مفتی مبشر احمد،مفتی فتح محمد راشدی،علامہ رشید ترابی،پیر ولی اللہ شاہ بخاری،علامہ سجاد حسین جوادی،مولانا ایوب ثاقب،مفتی عاشق حسین،مولانا عبدالرحمن،حافظ سید محمدعبدالرزاق آزاد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس کے آخر میں فلسطین اور غزہ کے غیور مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کی گئی ، بیت المقدس قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی،ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،استحکام پاکستان،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزاد ی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔