دنیا کی سب سے بڑی بس ساز کمپنی یوٹونگ کراچی میں انٹرا سٹی اور الیکٹرک بسز تیار کرنے کا پلانٹ لگا ئے گی ،صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن

223
Sharjeel Memon
Sharjeel Memon

کراچی۔ 18 جولائی (اے پی پی):سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز ، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی بس ساز کمپنی یوٹونگ کراچی میں انٹرا سٹی اور الیکٹرک بسز کی تیاری کا پلانٹ لگائے گی ، یہ فیصلہ جمعرات کو یہاں سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ مشرق وسطیٰ کے سی ای او رابن اور دیگر حکام سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یوٹونگ کی جانب سے کراچی میں پلانٹ لگانے کا کام تین ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا، پلانٹ کا کام اگلے سال مکمل ہو جائے گا ، اب یوٹونگ کی انٹرا سٹی اور الیکٹرک بسزکراچی میں بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پلانٹ میں ای وی بسز اور ہائبرڈ ڈیزل بسز تیار کی جائیں گی، پلانٹ لگنے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بسز کی تیاری سے پاکستان کا زرمبادلہ بھی بچے گا، بسوں کی ایکسپورٹ سے بھی پاکستان کو فائدہ ہوگا۔