دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی ساتویں برسی کل انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی

143

فیصل آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی ساتویں برسی کل 14 جنوری بروز پیر کو انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جائےگی جبکہ اس موقع پر ارفع کریم نگر فیصل آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تعزیتی تقریبات کاانعقاد کیاجائیگااور 16 سالہ آئی ٹی ایکسپرٹ ارفع کریم رندھاوامرحومہ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا جائیگا جس میں مرحومہ کے اہل خانہ سمیت سول سوسائٹی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین حضرات بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ ارفع کریم رندھاوا 2فروری 1995ءکو لیفٹیننٹ کرنل (ر)امجد کریم رندھاوا کے ہاں چک رام دیوالی 4ج ب (ارفع کریم نگر) فیصل آباد میں پیداہوئیں ۔ انہوںنے دنیاکی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کااعزاز حاصل کرنے کے علاوہ فاطمہ جناح گولڈ میڈل ، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس دیگر اعزازات حاصل کئے۔ ارفع کریم مختصر علالت کے بعد 16سال کی عمر میں 14جنوری 2012ءکو داغ مفارقت دے گئیں۔دنیا کی کم عمر ترین سافٹ ویئر ما ہر ارفع کریم کو 16 سال کی عمر میں 22دسمبر کو اچانک مرگی کے بعد دل کا دورہ پڑا جسے مقامی سطح پر ابتدائی طبی امداد کے بعد کمبائنڈملٹری ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ 3ہفتے تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بالآخرہفتہ 14 جنوری 2012ءکے روز زندگی کی بازی ہارگئی ۔