فیصل آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کی حامل دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی ساتویں برسی پیر کو منائی گئی جبکہ اس موقع پر ارفع کریم نگر فیصل آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تعزیتی تقریبات کاانعقاد کیاگیااور 16 سالہ آئی ٹی ایکسپرٹ ارفع کریم رندھاوامرحومہ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مرحومہ کے اہل خانہ سمیت سول سوسائٹی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ارفع کریم رندھاوا 2 فروری 1995ءکو لیفٹیننٹ کرنل (ر)امجد کریم رندھاوا کے ہاں چک رام دیوالی 4ج ب (ارفع کریم نگر) فیصل آباد میں پیداہوئیں ۔ انہوںنے دنیاکی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کااعزاز حاصل کرنے کے علاوہ فاطمہ جناح گولڈ میڈل ، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس دیگر اعزازات حاصل کئے۔ ارفع کریم مختصر علالت کے بعد 16سال کی عمر میں 14جنوری 2012ءکو داغ مفارقت دے گئیں۔