
سیالکوٹ۔22نومبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہا ہے کہ دنیا کے اند ر پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد ہمارے نبی آخرالزمان حضرت محمدنے چودہ سو سال قبل مدینہ میں رکھی ، وہ ریاست مدینہ تھی جہاں پر غریب ، نادار اور پسے ہوئے طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔ جہاں پر اعلیٰ اور ارفع ہونے کا ایک معیار رکھا گیا وہ تقوی تھا وہاں عربی کو عجمی پر کوئی فضلیت حاصل نہیں تھی وہاں صرف اور صرف آپ کا عمل تھا۔ جو وہ مہذب معاشرہ تھا جس کو اسلام نے پزیرائی دی۔ آج وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عمران خان کی زیر قیادت ریاست مدینہ کے جو رہنما اصول تھے جو چشمہ ہدایت سرمہ بصیرت بھی ہیں اس سے رہنمائی لیتے ہوئے ہفتہ شان رحمت اللعالمین مناکر ریاست مدینہ کی طرز پر حکومت کی بنیاد رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈسکہ میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں طلبہ و طالبات کے مابین حسن قرات، حسن نعت ، تقریری سمیت دیگر مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عاشق اعوان نے کہا کہ وہ آج ڈسکہ میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ ، تمام سرکاری محکموں اور پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آئی ہیں جنہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر جوش و جذبے سے ہفتہ شان رحمت اللعالمینکی وقار تقریبات کا انعقاد کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے طالبات میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں ڈسکہ آمد پر اہلیان ڈسکہ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا فقید المثال استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پنجاب حکومت میں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کی۔