دبئی۔22فروری (اے پی پی):دنیا کے دوسرے بلند ترین ٹاور برج عزیزی کی دبئی سمیت دنیا کے 8شہروں میں شاندار اور پروقار تقریب رونمائی منعقد کی گئی ،دنیا کا دوسرا بلند ترین ٹاور 725 میٹر بلند اور دبئی کی جدید سکائی لائن میں ایک شاندار اضافہ ثابت ہوگا،ٹاور کا باضابطہ افتتاح گزشتہ دنوں دبئی کے کوکا کولا ایرینا میں ایک شاندار تقریب کے دوران کیا گیا جس میں 15 ہزار سے زائد معزز مہمانوں، سرکاری حکام، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات، سفارت کاروں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
اس شاندار موقع کو مزید یادگار بنانے کے لیے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ جینیفر لوپیز نے خصوصی پرفارمنس دی۔العربیہ نیوزکے مطابق ٹاور شیخ زید روڈ پر ایک مرکزی مقام پر تعمیر کیا جارہا ہے اور 2028 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
131 سے زائد منزلوں پر مشتمل یہ ٹاور ایک پرتعیش شاپنگ مال، لگژری ہوٹل، جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی اپارٹمنٹس اور تفریحی مقامات پر مشتمل ہوگا۔ اس میں 130ویں منزل پر دنیا کی بلند ترین آبزرویشن ڈیک، 111ویں منزل پر سب سے اونچی ہوٹل لابی، 122ویں منزل پر بلند ترین ریسٹوران اور 118ویں منزل پر سب سے اونچا ہوٹل روم شامل ہوگا۔ پروجیکٹ میں ایک، دو اور تین بیڈ روم کے رہائشی اپارٹمنٹس بھی ہوں گے جبکہ ہر 20ویں منزل پر ریسٹوران، کیفے اور سپر مارکیٹ سمیت جدید ترین خصوصی سہولیات شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ ٹاور میں ایک خصوصی میوزیم بھی قائم کیا جائے گا جو اس شاندار منصوبے کی تعمیراتی تاریخ کو نمایاں کرے گا۔برج عزیزی میں عالمی معیار کے سیون سٹار ہوٹل میں مختلف ثقافتی تھیمز پر مبنی ریسٹوران ہوں گے، جن میں عربی، چینی، فارسی، بھارتی، ترک، فرانسیسی اور روسی ثقافتوں کی جھلک نمایاں ہوگی۔
اس کے علاوہ، ایک خصوصی اماراتی ریسٹوران، لگژری بال روم اور ایک جدید بیچ کلب بھی ہوٹل کا حصہ ہوں گے۔عزیزی ڈیویلپمنٹس کے بانی اور چیئرمین میرویس عزیزی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برج عزیزی صرف ایک بلند و بالا عمارت نہیں بلکہ دبئی کے وژن، تعمیراتی مہارت اور عالمی قیادت کی علامت ہے۔
یہ منصوبہ برسوں کی محنت، لگن اور عالمی ماہرین کے تعاون کا نتیجہ ہے جو دبئی کی ترقی اور کامیابی کی نئی علامت بنے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے مشکور ہیں کہ جن کی قیادت اور رہنمائی نے ہمیں یہ غیر معمولی منصوبہ مکمل کرنے کی تحریک دی۔ میں دبئی کے تمام متعلقہ حکام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس عظیم منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564712