نیویارک، لندن، پیرس۔13جنوری (اے پی پی):دنیا کے متعدد ملکوں میں مہلک کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسینیشن مہم جاری ہے، دنیا بھر میں اب تک2 کروڑ 85 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی گئی ہے۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں اب تک 93 لاکھ 27 ہزار، برطانیہ میں 28 لاکھ 43 ہزار، سپین میں 4 لاکھ 88 ہزار، اٹلی میں 7 لاکھ 91 ہزار، جرمنی میں 6 لاکھ 88 ہزار، ڈنمارک میں ایک لاکھ 17 ہزاراور فرانس میں ایک لاکھ 89 ہزارافراد کو کورونا سے بچانے کے لیے ویکسین لگادی گئی ہے۔ ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس ویکسین کی تقسیم انتشار کا ہے، ضرورت مند لوگوں تک پہنچنے سے پہلے اب ویکسین کی لاکھوں خوراکیں ختم ہوسکتی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کہا تھا کہ2020 کے آخر تک20 ملین امریکیوں کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جائے گی۔ امریکی حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 25 لاکھ سے زائد خوراکیں تقسیم کرنے کے باوجود نرسنگ ہومز اور نگہداشت کے مراکز میں صرف 365294 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ امریکی حکومت کی بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ ایک ہفتہ قبل نیویارک شہر میں صرف ایک لاکھ10ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی جو شہر کی کو ملنے والی ویکسین کی کل تعداد کا ایک چوتھائی حصہ تھا۔ ادھر اسرائیل اتنی تیزی سے ویکسین لگارہا ہے کہ ملک میں ویکسین کا موجود ذخیرہ ختم ہورہا ہے۔ اسرائیل میں اب تک 19 لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو ویکسین کی پہلی خوراک کی فراہمی میں تاخیر ہوسکتی ہے تاکہ معمر افراد کو دوسری اور آخری بار لگائی جاسکے۔ اسرائیل نے 20 دسمبر کو ویکسینیشن مہم شروع کی تھی۔ اسرائیل نے ویکسینیشن مہم میں مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں رہنے والے 50 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو شامل نہیں کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے زیر کنٹرول فلسطینی علاقوں کو بھی ویکسینیشن کے پروگرام میں شامل کرے۔ کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک برازیل اور بھارت میں ابھی تک ویکسینیشن مہم شروع نہیں ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں ویکسینیشن مہم 16 جنوری سے شروع ہوگی۔ مریضوں کے اعتبار سے بھارت کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا دوسرا ملک ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف 16 جنوری سے ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں تین کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی جن میں ڈاکٹر اور دیگر طبی اہلکار شامل ہیں۔