دنیا کے محفوظ مستقبل کے لئےعالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ کے منصفانہ حل پر توجہ دینا ہوگی ،گورنر پنجاب

191
گورنر پنجاب

لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ عالمی برادری نہتے کشمیریوں، عورتوں اور بچوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کو روکنے میں کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر برصغیر میں دیرپا امن قائم نہیں کیاجاسکتا۔

عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل پر توجہ دینا ہوگی تاکہ دنیا کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کے زیراہتمام الحمرا آرٹس کونسل مال روڈ پر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ آج پاکستان کے 24کروڑ غیور عوام اور دنیابھر میں بسنے والے کشمیری ریاست جموں و کشمیر پر 27اکتوبر1947 کو بھارت کے غاصبانہ حملے اور قبضے کے خلاف کشمیر بلیک ڈے منارہے ہیں۔

اس دن کو منانے کا مقصد مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ و ظلم و ستم کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ اور دنیابھر کے عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ بھارت کاریاست کشمیرپر 27اکتوبر 1947 کا حملہ ایک مسلح جارحیت ہے جس نے برصغیر کا امن مسلسل تباہ کیا ہوا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومت کے تحت آج لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بھارتی مسلح جارحیت اور کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کے خلاف عوام کا بھرپور احتجاج جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس احتجاج میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا یہ احتجاج دنیاکو ایک واضح پیغام ہے کہ بھارت ایک جارح ملک ہے جس نے برصغیر کا امن تباہ کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور کشمیریوں نے متحد ہوکر دنیا کویہ واضح پیغام دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر برصغیر میں دیرپا امن قائم نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بنیادی مسئلہ ہے جس پر جنوبی ایشیا کی سوا ارب سے زائد آباد ی کا مستقبل وابستہ ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی مظلوم عوام اقوام متحدہ اور دنیا کی فوری امداد اور اعانت کے منتظر ہیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل پر توجہ دینا ہوگی تاکہ دنیا کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بچوں اور عورتوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہسپتالوں تک پر بمباری کی جا رہی ہے۔ عالمی طاقتوں کو فلسطین میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر عالمی طاقتوں پر زور دوں گا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے کیونکہ یہ محض ایک جغرافیائی مسئلہ نہیں بلکہ جنوبی ایشیاکے مستقبل کا معاملہ ہے جس سے پہلوتہی ممکن نہیں۔گورنر پنجاب نے احتجاجی ریلی کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان ہرحوالے سے مظلوم کشمیریوں کی انسانی، اخلاقی اور سفارتی لحاظ سے ہر سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر گورنر محمد بلیغ الرحمٰن نے ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا اور یوم سیاہ کشمیرریلی کی قیادت بھی کی۔اس موقع پر سیکریٹری انفارمیشن اینڈ کلچر دانیال گیلانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل، طارق محمود چوہدری ،حریت رہنما زاہد صفی ، محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کے افسران اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔