دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات کے حل کے لئے بین الاقوامی برادری کے کردار اور بین الپارلیمانی یونین کی کلیدی تزویراتی ترجیحات اہمیت کی حامل ہیں، وزیراعظم عمران خان کی انٹر پارلیمنٹری یونین کے صدر گیبر ایلا کیوواس بیرن سے گفتگو

133

اسلام آباد ۔ 24 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات کے حل کے لئے بین الاقوامی برادری کے کردار اور بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو ) کی کلیدی تزویراتی ترجیحات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے تنازع کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ وہ انٹر پارلیمنٹری یونین کے صدر گیبر ایلا کیوواس بیرن سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انٹر پارلیمنٹری یونین کے صدر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے بھارت میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے ہندوتوا نظریہ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے نہ صرف بھارت میں اقلیتوں بلکہ پورے خطے کے امن وسلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں مسئلہ کے سیاسی حل اور اس سلسلے میں افغانوں کی قیادت میں امن و مصالحتی عمل کے لیے پاکستان کی دیرینہ حمایت کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم اورانٹر پارلیمنٹری یونین کے صدر نے بین الپارلیمانی تعاون، کورونا وائرس کی وباء اور علاقائی امن وسلامتی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پارلیمان اور اراکین پارلیمنٹ کے کردار کو بڑھانے کے سلسلے میںانٹر پارلیمنٹری یونین کے صدر کی حیثیت سے گیبر ایلا بیرن کی خدمات کو سراہا اور پارلیمانی سفارتکاری میں سہولت کے لئے انٹر پارلیمنٹری یونین کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کورونا کے باعث عالمی سطح پر صحت اور معیشت کے حوالے سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے پیش نظر پاکستان میں حکومت کی سمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی اور دیگر اقدامات کی بدولت صورتحال میں بہتری کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا۔