دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، وزیر اعظم کی سیاسی رہنمائوں سے ٹیلیفونک گفتگو

159
دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، وزیر اعظم کی سیاسی رہنمائوں سے ٹیلیفونک گفتگو
دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، وزیر اعظم کی سیاسی رہنمائوں سے ٹیلیفونک گفتگو

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہاروزیر اعظم نے اتحادی رہنمائوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیاسی رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اورانہیں عید الاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے جمعیت علمائے اسلام کے صدر مولانا فضل الرحمان سے بھی ٹیلی فون پرگفتگو کی اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے صدر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلیفونک رابطے کئے اور انہیں بھی عید الاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل ، آفتاب احمد خان شیرپائو اور پروفیسر ساجد میر سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور عید الاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ سیاسی رہنمائوں نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی ، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اتحادی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔