اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دوافغان شہری خواتین کی میتوں کو بھارت سے واہگہ بارڈرکے ذریعے پاکستان لانے کی اجازت دی گئی ہے،میتوں سمیت پانچ لواحقین آج واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ میتوں کو آج ہی واہگہ سے براستہ طورخم بارڈر افغانستان لے لایا جائیگا،افغان شہریوں کی میتوں کو افغانستان تدفین کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر اجازت دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میتوں کے ساتھ پانچ لواحقین کو بھی براستہ واہگہ پاکستان آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کی امداد جاری رکھے گا۔