فیصل آباد۔ 27 فروری (اے پی پی):ریجنل منیجر ہونڈا اٹلس کمپنی محمد حسنین نے کہا کہ موٹر سائیکل ڈرائیونگ کے دوران شاہرات پر پیش آنیوالے حادثات میں ہیلمٹ کا استعمال سر کی چوٹ کی شدت کو ستر فیصد تک کم کر دیتا ہے جس سے انسانی جان کو مہلک حادثہ سے بچایا جا سکتا ہے جبکہ حادثات کی ایک بڑی وجہ دوران سواری موبائل فون کا استعمال ہے جسکی وجہ سے روزانہ کئی سوار حادثات کا شکار ہوکرموت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اورکئی کو زندگی بھر کی معذوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے
لہٰذا اس ضمن میں اٹلس ہنڈا پاکستان بھر میں اپنے شہریوں کو بہترین سہولیات کے ساتھ محفوظ طریقہ سواری پر خصوصی توجہ مرکوز رکھتی اور اس ضمن میں وقتاً فوقتاً فیسکو کے اشتراک سے آگاہی کیمپ،آگاہی واک اور مختلف اداروں میں سیمینارز بھی منعقد کرتا رہتا ہے تاکہ حادثات کی روک تھام سمیت بڑھتی ٹریفک کے مسائل پر بروقت قابو پایا جا سکے۔وہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)اور اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے فیسکوسٹاف کیلئے سیف موٹر سائیکل رائیڈنگ، ہیلمٹ اوربیک ویومررزکے استعمال اور پتنگ کی ڈور سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لئے فیسکو ریجنل ٹریننگ سنٹر (آر ٹی سی) میں منعقدہ روڈسیفٹی آگاہی و تربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے جس کے مہمان خصوصی فیسکوکے ڈائریکٹر (ایچ ایس ای اینڈ کیو اے) زبدۃ الضیاتھے۔
آگاہی کیمپ میں رایئڈنگ ٹرینرسیمولیٹرکے ذریعے حاضرین کو ٹریننگ بھی دی گئی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر ایچ ایس ای فیسکو زبدۃ الضیانے محفوظ رائڈنگ کیلئے اٹلس ہنڈا اور فیسکو کی باہمی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ حکومتی اداروں میں اس طرح کے تربیتی سیمینارز کے انعقاد سے ملازمین کے دوران ڈرائیونگ حفاظتی اقدامات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے اور وہ محفوظ طریقے سے ڈرائیونگ کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سیفٹی فیسکو محمد امجد، ایکسین ایم اینڈ ٹی سعید رضا، اسسٹنٹ ٹیکنیکل آفیسر اٹلس ہنڈا محمد علی مختار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آ ر ٹی سی شاہد محمود اور عمر فاروق، سیفٹی انسپکٹر احمد عدیل ساجد، امجد علی، اسرار الحق، عثمان سلیم، محمد شفیق اور ملازمین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔بعدازاں مہمان خصوصی کو ہنڈا کی پہلی الیکٹرک موٹر سائیکل کے بارے بریفنگ دی گئی اور انہوں نے الیکٹرک بائیک کی رائیڈ بھی کی۔
کیمپ میں شرکت کرنے والے شرکاکو فری سیمولیٹر اور روڈ ٹرائلز کا اہتمام بھی کیا گیا اورفری آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکامیں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔