اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت (کل )جمعہ تک ملتوی کر دی ۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے دوران عدت نکاح کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈوکیٹ عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری حکمنامے پر ابھی تک دستخط نہیں ہوئے ۔ ایڈوکیٹ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سماعت( کل )جمعہ کے لیے رکھ لیں ۔عدالت نے کہا کہ( کل )جمعہ کو میں نے جیل وزٹ پر جانا ہے ،مصروفیت ہے ، اگر ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ آ گیا تو سماعت رکھ لیں گے ، نہیں تو ہفتے کو سماعت کے لیے مقرر کر دیں گے۔
اس کیس میں پہلے بھی دو بار عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ، کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں کرسکتا جس سے مشکلات ہوں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت (کل )جمعہ صبح ساڑھے 8 بجے تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدت کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر دس دن جبکہ مرکزی اپیلیں ایک ماہ میں نمٹانے کا حکم دے رکھا ہے۔