اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ جمعہ کو بھارت آسٹریلیا سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ویرات کوہلی کے ٹیسٹ سیریز میں نہ ہونے سے بھارتی ٹیم کی مشکلات بڑھیں گی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم میں وارنر اور سٹیو سمتھ کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں کون بہتر ثابت ہوتا ہے اور وکٹیں کیسی ہوں گی یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا۔ آسٹریلیا دو سال پہلے ٹیسٹ سیریز کی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں جیتنے کی صلاحیت ہے ‘ اگر بھارت کا مڈل آرڈر ناکام ہوگیا تو سیریز بچانا مشکل ہو جائے گا۔ شائقین اس سیریز کا انتظار کر رہے ہیں اور میری بھی سیریز میں گہری دلچسپی ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈلیڈ میں کھیلا جائے گا پہلا ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو پنک بال سے کھیلا جائے گا۔ شعیب اختر نے کہا کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ سب سے مشکل ہوتا ہے۔ بھارت کے بلے بازوں کو جسم کے قریب شارٹس کھیلنے ہوں گے۔ شعیب اختر نے کہا کہ روہت شرما ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کے اہل ہیں۔ وہ 2010ءسے مسلسل کھیل رہے ہیں ۔