لاہور۔3اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ہالینڈ اور اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈز کااعلان کردیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل ہالینڈ کے خلاف تین میچز کے لیے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔قومی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔سپورٹنگ سٹاف میں منصور رانا (منیجر)، ثقلین مشتاق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، شان ٹیٹ (بائولنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)،ڈریکس سائمن (سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ) کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ابراہیم بادیس (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل منیجر)، کرنل (ر) آصف محمود (ٹیم سیکیورٹی منیجر برائے دورہ نیدرلینڈز)، کرنل (ر)محمد عمران (ٹیم سکیورٹی منیجر برائے اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ)، طلحہ اعجاز (ٹیم اینالسٹ)، ملنگ علی (ٹیم مساجر) اور ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو ٹیم ڈاکٹر شامل ہیں۔
پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ فاسٹ بالر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔سلمان علی آغا کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی دونوں سکواڈز میں شامل ہیں تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو اور ٹرینر ہالینڈ میں شاہین آفریدی کے ری ہیب کا جائزہ لینے کے بعدان کی فائنل الیون میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نیدرلینڈز میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس آجائیں گے جبکہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر متحدہ عرب امارات میں قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
محمد وسیم، چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم نے اس حوالے سے کہا کہ یہ دونوں ٹورز بہت اہم ہیں لہذا انہوں نے کپتان اور کوچ کی مشاورت سے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔محمد وسیم نے کہا کہ حسن علی کو ان ٹورز سے آرام دیا گیا ہے، البتہ ا ن کی جگہ نسیم شاہ کوپہلی مرتبہ قومی وائیٹ بال سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ وہ باقاعدگی سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بائولنگ کرتے ہیں، لہذا ان کی شمولیت سے قومی کرکٹ ٹیم کے شعبہ فاسٹ بائولنگ کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ قومی وائٹ بال سکواڈ کا حصہ بننے والے سلمان علی آغا کو ایک مرتبہ پھر قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ وہ ایک کارآمد آف سپنر ہیں جو مڈل اوورز میں اننگز کو اینکر کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
اعلان کردہ سکواڈز میں شامل قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں لگایا جائے گا۔ اس دوران وہ 50 اوورزپر مشتمل دوپریکٹس میچز کھیلیں گے۔ قومی سکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگاجہاں سے وہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں شرکت کرنے 22 اگست کو دبئی پہنچے گا۔