برسلز/پشاور۔ 24 اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دورہ یورپ کا مقصد پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ عالمی فورمز پر اجاگر کرنا ہے، یورپی ممالک کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی امداد کے لیے آگے آنا ہوگا۔ گورنر ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یورپی پریس کلب برسلز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیلجیم میں حکومتی نمائندوں، عالمی تنظیموں اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں مسئلہ کشمیر اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی امداد کے لیے آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفات کا شکار ہے اور حالیہ ہفتوں میں صرف خیبر پختونخوا میں سیلاب سے 400 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، ہلالِ احمر کے سربراہ کی حیثیت سے وہ خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کی حکومتوں اور دوست ممالک کی جانب سے امداد کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان نے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس دوران پاکستانی میڈیا نے سنجیدہ اور جاندار کردار ادا کیا جس سے ملک کی ساکھ بہتر ہوئی اور اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بھی بہتری آرہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا پاکستان اور کشمیر کی بھرپور نمائندگی کےلیے برسلز آئے ہیں اور ان کی توانا آواز یورپی دارالحکومتوں میں سنی جارہی ہے۔
گورنر نے کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کی اپیل لے کر یہاں آئے ہیں اور عالمی این جی اوز و فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر بحالی کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے ، چین، پاکستان اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس مسائل کے حل کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔