دور دراز علاقوں میں نئے ہسپتالوں کی معاونت، گائیڈ لائنز کی فراہمی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

132

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ دور دراز کے علاقوں میں قائم ہونے والے نئے ہسپتالوں کی معاونت، گائیڈ لائنز کی فراہمی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے سربراہ ڈاکٹر رضوان تاج سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ طب کے شعبے میں اعلیٰ معیار کے فروغ اور جانچ پڑتال میں پی ایم ڈی سی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیاری طبی سہولیات اور ہسپتال نہ صرف عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار بھی ثابت ہوتے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پی ایم ڈی سی کے رجسٹریشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شفاف طریقہ کار اپنا کر طب کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام تبدیلیوں کا براہ راست اثر انسانی زندگیوں پر پڑتا ہے، لہٰذا اس حوالے سے مکمل احتیاط اور سنجیدگی اختیار کرنا ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پی ایم ڈی سی کے سربراہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔