دوست اسلامی عرب ممالک نے پاکستان کو کبھی مایوس نہیں کیا ، مسجد نبویؐ کے واقعہ پر سعودی حکومت اپنے قواعد کے مطابق کارروائی کر رہی ہے ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

69

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دوست اسلامی عرب ممالک نے پاکستان کو کبھی مایوس نہیں کیا،سیاسی و مذہبی رہنما اور ذرائع ابلاغ بغیر تحقیق تبصروں سے گریز کریں ، مسجد نبویؐ کے واقعہ پر سعودی عرب کی حکومت اپنے قواعد کے مطابق کارروائی کر رہی ہے ، مسجد نبوی ؐ کے واقعہ نے پاکستان کو پوری دنیا میں شرمندہ کیا ہے، توہین رسالت و توہین مقدسات کی درخواستوں اور ایف آئی آرز کے حوالے سے حقائق اور سچ کے مطابق کارروائی ہو گی ، افسوسناک المیہ ہے کہ سیاسی و ذاتی مقاصد کیلئے مذہب کا استعمال کیا جاتا ہے ۔

منگل کو سعودی عرب روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور چین نے پاکستان کے ساتھ پہلے بھی تعاون کیا ہے ، اب بھی کریں گے ۔ پاکستان کو دوست ممالک نے کبھی مایوس نہیں کیا ہے ، سیاسی و مذہبی قائدین اور ذرائع ابلاغ کےنمائندگان او ر تجزیہ کار بغیر تحقیق دوست ممالک کے حوالے سے تبصروں سے گریز کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ وزیر اعظم شہباز شریف کی میٹنگ بہت اچھی رہی ہے ، سعودی عرب پاکستان کی عوام اور پاکستان سے محبت رکھتا ہے ، سعودی عرب پاکستان میں امن و استحکام چاہتا ہے ، ہمارے داخلی مسائل میں سعودی عرب سمیت کوئی بھی عرب اسلامی ملک مداخلت نہیں کرتا اور ہمیں بھی بلاوجہ تبصرے نہیں کرنے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی دعوت پر وہ سعودی عرب جا رہے ہیں جہاں وہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور پاکستانیوں کے مسائل کے سلسلہ میں سعودی عرب کے اہم ذمہ داران سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔