دوسرا ٹیسٹ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 309 رنز بنالئے،کووے کی سنچری،آغاسلمان کی 3وکٹیں

149
دوسرا ٹیسٹ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 309 رنز بنالئے،کووے کی سنچری،آغاسلمان کی 3وکٹیں

کراچی۔2جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 309رنز بنا لئے،ڈیوون کونوے اور ٹام لیتھم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 134رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، کونوے 122اور لیتھم 71رنز بنا کر نمایاں رہے، آغاسلمان نے 3اور نسیم شاہ نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کےکپتان ٹم سائوتھی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بیٹرز کونوے اور لیتھم نے انتہائی شاندار بیٹنگ کرتےٹیم کیلئے 134رنز کی بنیاد رکھی یہاں پر نسیم شاہ نے لیتھم کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، لیتھم 71رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،اس موقع پر کین ولیمسن نے کونوے کا ساتھ دیا،

دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ میں 100رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 234رنز تک پہنچا دیا یہاں پر کونوے 122رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آغاسلمان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اگلے اوور میں نسیم شاہ نے 36کے انفرادی سکور پر ولیمسن کی اننگز کا خاتمہ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، ڈیرل مچل 3رنز بنا کر آغا سلمان کی گیند کا نشانہ بنے، ہنری نیکولز 26رنز بنا کر چلتے بنے، وہ آغا سلمان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 279کے سکور پر نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ گری جب مائیکل بریسویل بغیر کوئی رن بنائے ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،

اس کے بعد ٹام بلونڈل اور آئش سودھی نے دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا،اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 309رنز بنا لئے تھے، بلونڈل 30اور سودھی 11رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، آغاسلمان نے تین جبکہ نسیم شاہ نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ لی۔