ملتان۔ 25 جنوری (اے پی پی):ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے اسکور 163کے جواب میں پاکستانی ٹیم 154 رنز پر آوٹ ہوگئی،ویسٹ انڈیز نے 9 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے ہی روز 20 وکٹیں گر گئیں،ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستانی ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار ہوئی۔
میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری،جب محمد ہریرہ نو رنز بنا کر کیمر روچ کا شکار بنے،دوسری وکٹ بابر اعظم کی گری جو صرف ایک رنر بنا کر بولڈ ہو گئے۔قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کو بھی کیمر روچ نے 15 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا جبکہ کامران غلام بھی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
51 کے سکور پر پاکستان کی پہلی چار وکٹیں گر گئیں۔چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو کچھ حد تک سنبھالا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، تاہم 119 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل بھی 32 رنز بنا کر جومیل وریکن کو وکٹ دے بیٹھے۔
محمد رضوان بھی 49 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے،کاشف علی اور نعمان علی صفرپرآؤٹ ہوئے،ساجد خان 16 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔پہلی اننگز میں محمد رضوان 49 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔مہمان ٹیم کے جومیل واریکن نےچار وکٹیں جبکہ گداکیش موٹی نے تین اور کیمار روچ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ملتان میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ سے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو وکٹ پر ٹکنے نہ دیا اور جلد ہی دو وکٹیں گرا دیں۔ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے دائیں ہاتھ کے پاکستانی فاسٹ بولر کاشف علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں مکائل لوئیس کو چاررنز پر آؤٹ کیا۔
ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ نو رنز پر حاصل کی،ساجد اور نعمان کی جوڑی نے مل کر ویسٹ انڈیز کی اگلی پانچ وکٹیں 12 اوورز کے اندر ہی حاصل کر کے 38 کے مجموعی سکور پر سات کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بعدازاں ویسٹ انڈیز کے ٹیل اینڈرز نے اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 95 رنز تک پہنچایا،جس کے بعد نعمان علی نے 28 ویں اوور کی چوتھی گیند پر ایک اور وکٹ حاصل کر کے میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بولرز کو آخری وکٹ کے لیے سخت محنت کرنا پڑی،مہمان ٹیم کے بلے بازوں نے ایک اور پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 163 رنز تک پہنچایا،163 کے سکور پر نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی چھ، ساجد خان دو جبکہ کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔