دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے پی ٹی آئی رہنما خود کرپٹ ہیں، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری

149
Barrister Daniyal Chaudhary
Barrister Daniyal Chaudhary

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)پر ملک میں افراتفری اور نفرت کی سیاست کو فروغ دینے پر تنقید کی ہے۔اتوار کو اپنے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی منافقت کر رہی ہے کیونکہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے خود کرپٹ ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط کاریوں سے متعلق مزید انکشافات مستقبل میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر مزید سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اپنے دور حکومت میں انہوں نے عوام کی خدمت پر اپنی جیبیں بھرنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر عام لوگوں اور تاجر برادری کو ہراساں کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ شہزاد اکبر پر بر تاجروں کو ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کو بحرانوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے اقدامات کے نتیجہ میں سی پیک کے تحت رکے ہوئے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے اور نئے منصوبے بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو پاکستان کو اہم چیلنجز کا سامنا تھا لیکن ہماری کوششوں سے ملک کی معیشت دوبارہ سے نمو پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سی پیک جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہےمسلم لیگ (ن) کی قیادت میں زور پکڑ چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جامع منصوبے کا مقصد علاقائی رابطوں کو بڑھانا، اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور پاکستان اور اس سے باہر لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا ہے۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ ہم فخر سے دعویٰ کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن ملک کو ترقی کی طرف لے جا رہی ہے۔