لاہور ۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی اصل عید ہے اور ہمیں عید الفطر جیسے تہوار پر کم وسائل رکھنے والوں کے زیادہ سے زیادہ کام آنا چاہیے، وفاقی وزیر مواصلات نے فلاحی اقدامات کے لیے سرگرم عمل عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ضرورت مند خاندانوں میں امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا- اس موقع پر گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنے مسئلے کے حل اور مالی امداد کے لیے آنے والے ہر شہری کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے یہ اللہ تعالیٰ کی توفیق ہے اور ہمارا کردار صرف کورئیر سا ہے-
انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ خدمت خلق کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے۔وفاقی وزیر مواصلات کو بتایا گیا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کمپیوٹرائز سسٹم کے تحت شہریوں کو مالی امداد فراہم کر رہی ہے جس کے لیے پہلے باقاعدہ سروے کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے میو ہسپتال، سروسز ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے ڈائلسز سینٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں سے خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی-
وہاں زیر علاج مریضوں نے بہترین اور بلا معاوضہ ڈائلسز کی سہولتوں کی فراہمی پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں عید کی خوشیوں میں شریک کیا ہے جس پر دل سے دعائیں نکلتی ہیں- وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج بچوں سے خصوصی شفقت کا اظہار کرتے ہوئے ان میں عیدی بھی تقسیم کی فاؤنڈیشن کے سی ای او بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کو بریفنگ دی
ب کہ فاؤنڈیشن کے عملے سے بھی خصوصی نشست ہوئی جس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے عید بونس کا اعلان کیا۔دریں اثناء صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان عید الفطر لاہور میں منا رہے ہیں جہاں وہ ڈی ایچ اے فیز 8 میں نماز عید ادا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577443