لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):ترجمان مسلم لیگ(ن)عظمی بخاری نے کہا ہے کہ دوسروں کو چور کہنے والا خود گھڑی چور ثابت ہو چکا ہے اور گھڑی چوری عمران خان کا ٹریڈ مارک بن چکاہے، توشہ خانہ پر ان کی حکومت میں ہی سوال اٹھنا شروع ہو گئے تھے،خود کو صادق اور امین کہنے والا گھڑی چور نکلا ہے اس پر فارن فنڈنگ کے بھی الزامات ہیں،عمران خان کے ذرائع آمدن کسی کو بھی معلوم نہیں،محمد نواز شریف کے ساتھ عمران خان کا موازنہ نہیں ہو سکتا،ثابت ہو گیا گھڑیاں وقت بتانے کے ساتھ انسان کی اوقات بھی بنا دیتی ہیں،عمران خان نے 70سال میں اتنی دولت نہیں کمائی جتنی تحائف بیچ کر کمائی،وہ لانگ مارچ نہیں کرنے جارہے،ان کا گھنائونا چہرا عوام کے سامنے کھل کر آ گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملک کی خارجہ پالیسی اور پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا،آج تک یہ بات ثابت نہیںہوئی کہ کسی حکمران نے تحفے فروخت کر دیئے ہوں،اس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے،وہ شخص تو یہ دعوے کرتا تھا کہ میں چند گھنٹوں میں اربوں روپے فنڈ اکٹھے کر لیتا ہوں مگر وہ چند لاکھ اور کروڑوں روپے کے تحائف بیچ کر چو ر ثابت ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ان تحائف اور ان کے فروخت کرنے کا ذکر اپنے گوشواروں میں بھی ظاہر نہیں کیا،الیکشن کمیشن کو مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق جو فیصلہ چاہے کر سکتا ہے جبکہ اس کی چوری ثابت ہونے پر ہی الیکشن کمیشن نے اسے نا اہل قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے حوالے سے سوال عمران خان کے دور حکومت میں ہی اٹھنا شروع ہو گئے تھے اور جو صحافی اس پر کام کر رہا تھا اس کو ڈرایا دھمکایا گیا۔
عظمی بخاری نے کہا کہ میں قوم عمرانیہ کو بتانا چاہتی ہوں کہ آپ کے لیڈر جھوٹے اور مکار ہیں اور وہ ہر معاملے میں غلط بیانی سے کام لیتے ہیں اور توشہ خانہ معاملے پر بھی اس نے اپنے پیروکاروں کو بتایا کہ میں نے یہ تحائف بیچ کر بنی گالا کی سڑک بنائی ہے حالانکہ ریکارڈ میں موجود ہے کہ یہ سڑک کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)نے بنوائی۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں اچھی اور بری گھڑیاں آتی رہتی ہیں ،اللہ تعالی سب کو بری گھڑی سے بچائے مگر گھڑی چوری عمران خان کا ٹریڈ مارک بن چکی ہے ،وہ جب تک زندہ رہیں گے انہیں گھڑی چور کہا جاتا رہے گا اس کے علاوہ انہوں نے ڈیکوریشن پیس بھی نہیں چھوڑے ۔
ترجمان مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ محمد نواز شریف اور عمران خان کی نا اہلی کا موازنہ آپس میں نہیں کیا جا سکتا،نواز شریف کو سیاسی بنیادوں اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا اور محمد نواز شریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی،اس کے برعکس عمران خان پر چوری ثابت ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان زکوة اور فارن فنڈنگ کی مد میں آنے والے پیسوں کے بارے میں بھی جوابدہ ہیں کیونکہ ان کے ذرائع آمدن کسی کو معلوم نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ڈکیتیاں اور منی لانڈرنگ بھی کی اس کے لئے بھی انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کرپشن کا جھوٹا بیانیہ اپنایا اور خود جھوٹے ثابت ہو گئے۔اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی اصل مالک یہاں کے عوام ہیں،کسی کو اسمبلی توڑنے کا حق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے،قانون کے مطابق اب وہ اپنی پارٹی کے سربراہ بھی نہیں رہ سکتے کیونکہ وہ بد عنوانیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور انہیں قید با مشقت سزا ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے سے پہلے یہ دھمکیاں دی جا رہی تھیں کہ اگر فیصلہ خلاف آیا تو ہم ملک بھر میں بھرپور احتجاج کرینگے مگر جب فیصلہ سنایا گیا تو اس کے بعد قوم نے دیکھ لیا کہ سڑکوں پر کتنے لوگ نکلے۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ عمران خان کے امپائرز چلے گئے ہیں اور انہیں مطلوبہ سہولت میسر نہیں اور مجھے اس بات کا قوی امکان ہے کہ اب لانگ مارچ نہیں کریں گے۔