اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کودوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی طورپر1.308 ارب ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی ہے۔وزارت اقتصادی امورکی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستانی کوپراجیکٹ ایڈکے تحت 645.37ملین ڈالر اورنان پراجیکٹ ایڈکی مدمیں 662.67ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں میں کثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے پاکستان کومجموعی طورپر482.96ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی، کثیرالجہتی شراکت داروں میں سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو114.30ملین ڈالر،ایشیئن انفراسٹرکچرانویسٹمنٹ بینک کی جانب سے 12.69ملین ڈالر،آئی بی آرڈی 86.16ملین ڈالر،آئی ڈی اے 190.91ملین ڈالر،ایفاد15ملین ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک 0.98ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک(قلیل المدتی) 62.17ملین ڈالر،اوراوپیک فنڈکی جانب سے 0.75ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے پاکستان کومجموعی طورپر250.29ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی ہے، دوطرفہ شراکت داروں میں سے چین کی جانب سے پاکستان کو 96.76ملین ڈالر،فرانس 89.64ملین ڈالر،جرمنی 5.94ملین ڈالر،جاپان 8.91ملین ڈالر،کوریا6.40ملین ڈالر، سعودی عرب 6.35ملین ڈالر اورامریکا کی جانب سے 36.29ملین ڈالرکی معاونت موصول ہوئی۔غیرملکی کمرشل بینکوںکی جانب سے اس مدت میں پاکستان کو200ملین ڈالر،اورنیاپاکستان سرٹیفکیٹس کی مد میں 374.79ملین ڈالرکی معاونت موصول ہوئی۔